ایم این ایز کو فنڈز دینے سے کرپشن میں اضافہ ہوا ہے: عمران خان

چترال(بی بی سی ایشیاء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا کہنا ہے اداروں کے اوپر کرپٹ مافیا بیٹھا ہوا ہے جس کا کام عوام کے پیسہ چوری کر کے باہر محل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا نوازشریف سپریم کورٹ کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، اسحاق ڈار اقتدار میں آئیں تو اثاثوں میں 90 فیصد اضافہ ہو جاتا ہے۔عمران خان عمران خان نے چترال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں عوام کے پیسے سے مجرموں کو 40، 40 گاڑیوں کا پروٹوکول مل رہا ہے، اسحاق ڈار کے بچوں نے دبئی میں 10، 10 ارب کے ٹاور بنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ساری قوم انتظار کر رہی ہے کہ حدیبیہ پیپر مل کیس کھولا جائے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کو بھی منظر عام پر لایا جائے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا حکومت کا کام عوام کی زندگی کو آسان کرنا ہے، اسکے لئے ہم سب سے بہتر بلدیاتی نظام لائے کیونکہ بلدیاتی نظام سے عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کمزور طبقے کی مدد کرنا حکومتی ذمہ داری ہوتی ہے، جو اپنی ذات کیلئے آتا ہے اسے کہنا پڑتا ہے مجھے کیوں نکالا۔ عمران خان نے کہا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے (ن) لیگ کے ایم این ایز کو 94 ارب روپے دیئے، ایم این ایز کو فنڈز دینے سے کرپشن میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ترقیاتی فنڈزکی وجہ سے الیکشن لڑنے کا خرچ بڑھ گیا، ملک کا بچہ بچہ مقروض ہوچکا ہے، کنٹریکٹرز اور ذاتی مفادات رکھنے والے لوگ سیاست میں آگئے، کرپشن ملک کو کنگال کر چکی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا الیکشن جیت کر 4 شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کریں گے، سب سے پہلے تعلیم کے شعبے میں ایمرجنسی لائیں گے کیونکہ کوئی بھی ملک تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، سنگاپور 50 سال پہلے ہم سے پیچھے تھا لیکن آج وہاں تعلیم پر پیسہ خرچ کیا گیا اور وہ ترقی کر گئے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *