حدیبیہ پیپرز ملز ریفرنس کا معاملہ، چیف جسٹس نے 3 رکنی بینچ تشکیل دیدیا

اسلام آباد(بی بی سی ایشیاء)شریف خاندان کے لئے ایک اور مشکل، سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپر مل ریفرنس دوبار کھولنے کیلئے نیب کی اپیل پر 13 نومبر سماعت کے لئے مقرر کر دی گئی۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے حدیببہ پیپر ملز ریفرنس کھولنے کیلئے نیب کی اپیل پر بینچ تشکیل دیا۔ بینچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس دوست محمد اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہونگے۔ پہلی سماعت 13 نومبر کو ہوگی۔ رجسٹرار آفس نے پراسیکیوٹر جنرل نیب کو نوٹس جاری کر دیئے۔ لاہور ہائیکورٹ نے شریف برادران کیخلاف حدیبیہ پیپرز ملز ریفرنس خارج کر دیا تھا۔ نیب نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے ریفرنس دوبارہ کھولنے کی اجازت طلب کر رکھی ہے۔ نیب نے پاناما کیس میں پانچ رکنی بینچ کی آبزرویشن پر اپیل دائر کی تھی۔ واضح رہے نیب نے 20 ستمبر کو حدیبیہ پیپر مل کیس میں ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ جس میں استدعا کی گئی کہ حدیبیہ پیپر مل کیس میں ہائیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے اور کیس کو نئے سرے سے کھولا جائے۔ نیب نے پاناما بینچ کے آبزرویشن پر سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ خیال رہے لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے اکتوبر 2011 میں نیب کو اس ریفرینس پر مزید کارروائی سے روک دیا تھا۔ حدیبیہ ریفرنس مشرف دور میں سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار سے 25 اپریل 2000 کو لیے گئے اس بیان کی بنیاد پر دائر کیا گیا تھا جس میں انھوں نے جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے شریف خاندان کے لیے ایک کروڑ 48 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ رقم کی مبینہ منی لانڈرنگ کا اعتراف کیا تھا۔ اسحاق ڈار بعدازاں اپنے اس بیان سے منحرف ہو گئے تھے اور ان کا موقف تھا کہ یہ بیان انھوں نے دباؤ میں آ کر دیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *