عمران خان پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب، ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب منعقد۔

اسلام آباد (بی بی سی ایشیاء) پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد عمران خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔عمران خان کی تقریب حلف برداری آج ایوان صدر میں ہوئی، جہاں صدرِ مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا، تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب کے بعد نو منتخب وزیراعظم عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر دیا۔گارڈ آف آنر کے بعد عمران خان نے اسٹاف سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔

حلف برداری تقریب کے بعد عمران خان کے وزیراعظم پاکستان کا چارج سنبھالنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

حلف برداری تقریب کے بعد عمران خان وزیراعظم سیکریٹریٹ پہنچے۔

خیبر پختونخوا کے سابق چیف سیکریٹری اعظم خان کو وزیراعظم عمران خان کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کردیا گیا۔

محمد اعظم پی اے ایس سروس کے گریڈ 21 کے افسر ہیں۔

عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم اپنی حلف برداری تقریب میں باوقار سیاہ شیروانی زیب تن کر رکھی تھی۔تقریب حلف برداری میں ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی بھی ایوان صدر آئیں

تقریب حلف برداری میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، سابق نگران وزیراعظم ناصر الملک، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، نعیم الحق، مراد سعید، ابرار الحق اور دیگر اہم سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

عمران خان کی تقریب حلف برداری میں 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کے ہیروز، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، سابق کرکٹر وسیم اکرم اور اداکار جاوید شیخ بھی شریک ہوئے۔

سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں خصوصی طور پر بھارت سے پاکستان تشریف لائے۔

وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب انتہائی سادہ مگر پر وقار تھی۔

حلف برداری کے بعد مہمان بڑے ہال میں آئے جہاں ان کی چائے سے تواضع کی گئی۔

گزشتہ روز پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کے لیے قومی اسمبلی میں ہونے والے انتخابات میں عمران خان 176 ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہوئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *