وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈرکےدرمیان ملاقات میں نگراں وزیراعظم کے نام پر ڈیڈ لاک ختم

اسلام آباد (حامدقاضی)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر ڈیڈ لاک ختم ہو گیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایک مرتبہ پر نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے مجوزہ ناموں پر غور کیا۔

انتہائی اہم ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے نگراں وزیراعظم کے نام پر اتفاق کرلیا جس کا اعلان کچھ دیر بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا جائے گا۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر ڈیڈ لاک ختم ہوگیا تاہم ان سے پوچھا گیا کہ وہ کون سا نام ہے جس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آج وزیراعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کروں گا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رابطہ ہوا تھا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو خصوصی طور پر ملاقات کے لیے کراچی سے اسلام آباد بلایا تھا۔

یاد رہے کہ نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے اس سے قبل وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان 5 ملاقاتیں ہوئیں جو بے نتیجہ ثابث ہوئیں۔

نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے ذکاء اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام سامنے آئے ہیں جب کہ حکومت نے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی اور ڈاکٹر عشرت حسین کے نام تجویز کیے ہیں۔

اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت تحریک انصاف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے پیش کردہ ناموں کو مسترد کیا گیا ہے تاہم حکومتی ناموں پر پی ٹی آئی متفق دکھائی دیتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *