پنجاب میں دھند کا راج، حادثات میں 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

لاہور(بی بی سی ایشیاء)پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث کئی گاڑیاں ٹکراگئیں، حادثات میں 7 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حادثات میں اضافہ ہوگیا، موٹر وے پر سیال موڑ کے قریب 20 سے زائد گاڑیاں ٹکرا گئیں جس میں ایک شخص جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوگئے۔ فیصل آبا میں ٹرک اور مزدے میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ ایک اور واقعہ میں شیخوپورہ جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث 3 گاڑیوں ٹکرا گئیں جس میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ اوکاڑہ میں منڈی احمد آباد کے قریب دھند کے باعث دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر ہوئی، حادثے میں خاتون زندگی کی بازی ہار گئیں۔ پاکپتن میں حادثے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے جبکہ سکھر میں بس بے قابو ہو کر فٹ ہاتھ اور رکشہ پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔ دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقے آج بھی دھند کی لپیٹ میں رہے، ٹرینیں تاخیر کا شکار ہونے سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ موٹر وے 13 گھنٹے بعد کھول دی گئی۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج بھی دھند کا راج رہا، لاہور میں صبح کے وقت ہر چیز دھندلائی رہی، لوگوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا رہا۔ علامہ اقبال ائرپورٹ بند رہنے کے بعد کھول دیا گیا جس کے بعد پروازوں کا شیڈول بحال ہوگیا۔ راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں فلائٹ آپریشن شروع ہوگیا تاہم دھند کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں، مسافر انتظار کی سولی پر لٹک رہے ہیں۔ موٹر وے بھی کئی مقامات پر بند رہنے کے بعد کھول دی گئی، ڈرائیوز کو دن کے وقت سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی دھند کے باعث ٹریفک کی صورتحال خراب رہی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *